نئی دہلی7نومبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پرملک کی معیشت کو تباہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے منگل کو کہاکہ نوٹ بندی کے دوسال پورے ہونے کے موقع پر انھیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔کانگریس ترجمان منیش تیواری نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ دوسال قبل مسٹر مودی نے 8نومبر کو اچانک نوٹ بندی کا اعلان کرکے عام لوگوں کو انتہائی مشکل میں ڈال دیاتھا جس کی وجہ سے کئی لوگوں کی موت ہوئی تھی۔انھوں نے کہاکہ اس کے لیے وزیراعظم کو 8نومبر کو ٹھیک 8بجے ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔
انھوں نے کہاکہ کانگریس کے کارکنان نوٹ بندی کے دوسال مکمل ہونے کے موقع پر9نومبر کو ملک بھر میں مظاہرے کریں گے۔انھوں نے کہاکہ 500اور 1000روپئے کے نوٹ بند کرنے کے پیچھے جن مقاصد کے حصول کا دعویٰ کیاگیاتھا ،وہ پوری طرح سے ناکام ہوگیا۔اس کے لیے مسٹر مودی کو 8نومبرکو ملک سے اپنے تغلقی فرمان کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔کانگریسی لیڈر نے کہاکہ ریزروبینک آف انڈیا اور حکومت کے درمیان موجودہ ٹکراؤنوٹ بندی کا ہی نتیجہ ہے۔حکومت نے نوٹ بندی کے تین مقاصد کالادھن اورنقلی کرنسی کے خاتمہ اور دہشت گردی کی مالی اعانت ختم کرنے کا اعلان کیاتھا۔لیکن ان میں سے ایک بھی مقصدپورانہیں ہوسکاہے۔